ای کامرس گیٹ وے کا قیام وقت کی ضرورت ہے انوشہ رحمان

بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس، ہنگامی بنیادوں پر ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے پر زور


Numainda Express July 18, 2014
ای کامرس گیٹ وے بنانے کیلیے ورکنگ گروپ قائم، 30 روز میں رپورٹ پیش کریگا۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ ای کامرس گیٹ وے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پوری دنیا میں معیشت کا انحصار کاغذ سے نکل کر الیکٹرانک ذرائع پر بڑھتا جارہا ہے جس سے ای تجارتی مارکیٹس فروغ پا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای کامرس گیٹ وے کے قیام کے سلسلے میں بین الوزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی عظمت علی رانجھا، ممبر ٹیلی کام، ایم ڈی پاکستان کمپیوٹر بیورو کے علاوہ وزارت صنعت و تجارت، فنانس ڈویژن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ 2013 میں ای تجارت کی صنعت 1250 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، انہی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں بھی ای تجارت کی صنعت ہماری معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے میں بے حد معاون ثابت ہوگی چنانچہ ای صنعتی گیٹ وے کا قیام ازحد ضروری ہے کیونکہ اسکی موجودگی سے رقم کی ترسیلات نہایت پراعتماد طریقے سے ممکن ہوسکیں گی۔ انوشہ رحمن نے اس بات پر وزر دیا کہ ای تجارت کو فروغ دینے کے لیے صارف کی اعتماد سازی کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسے یقین ہو کہ آن لائن طریقے سے بھیجی اور وصول کی گئی رقم کی ترسیل میں تمام حفاظتی امور کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

آن لائن معلومات کے تبادلے میں صارف اور تاجر دونوں کا نظام پر غیرمتزلزل یقین ہونا ضروری ہے چنانچہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے اسٹیٹ بینک کے ذریعے سخت قواعد و ضوابط کا نظام موجود ہونا چاہیے، وزیر مملکت نے بین الوازارتی کمیٹی پر زور دیا کہ انہیں ہنگامی بنیادوں پر ریگولیٹری اور قانونی فریم ورک تشکیل دینا ہوگا، ای کامرس گیٹ وے کی عدم موجودگی کے باعث بدقسمتی سے ہم بہت پیچھے ہیں۔

بنیادی طور پر ای کامرس گیٹ وے پر کام کا آغاز 2002 میں کیا گیا لیکن سابقہ حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث اس پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، اب موجودہ حکو مت نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے جامع انداز میں کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کیلیے پرعزم ہے۔ وزیرمملکت کی ہدایت پر اسی بین الوزارتی کمیٹی کے اراکین پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو ای کامرس گیٹ وے کے قیام کے لیے تمام عوامل کا جائزہ لے کر لائحہ عمل کی تیاری کے لیے حکمت عملی وضع کریگا، یہ ورکنگ گروپ 30 روز میں اپنی مفصل رپورٹ پیش کریگا۔