سندھ حکومت کا ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم

منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر اور سندھ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن


ویب ڈیسک October 14, 2024
(فوٹو: فائل)

سندھ حکومت نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔


سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک بار پھر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر ہے۔ ہمیں ہر حال میں اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔ ریڈ لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے۔


شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے، اس کے باوجود کام میں مزید تیزی لائی جائے اور عوامی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کیا جائے۔ ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور کراچی کے لاکھوں شہریوں کے لیے ایک پائیدار، قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا حل فراہم کرنا ہے۔


انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور اسٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لاٹ 1 اور لاٹ 2 پر جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔


صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ائرپورٹ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو تیز کرنے کے لیے ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ بات چیت کو تیز کیا جائے اور مزید تاخیر سے بچنے کے لیے درپیش تمام مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کیا جانا چاہیے۔


اجلاس میں ٹرانس کراچی کے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس نے جاری کام کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن، بین الاقوامی کنسلٹنٹس ، کنٹریکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے