ملک بھر میں یوم علیؓ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

یوم شہادت علی کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔


ویب ڈیسک July 20, 2014
کراچی میں ممکنہ طور پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا۔ فوٹو:فائل

لاہور: ملک بھر میں یوم شہادت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، عزاداروں نے ماتمی جلوس نکالے اور سینہ کوبی کی جب کہ مجالس عزا میں حیدر کرار کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

یوم شہادت علی کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوسوں کا اہتمام کیا گیا جو مقررہ راستوں پر ہوتے ہوئے اپنی، اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کراچی میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے یوم شہادت پر مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں ہوئی، شہر بھر سے چھوٹے بڑے جلوس دن 11 بجے تک نمائش چورنگی نشتر پارک پہنچے۔ مرکزی مجلس عزا سے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہر ی نے خطاب کیا۔ مجلس کے بعد ڈیڑھ بجے جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو۔ اور عزاداران نے نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی گاہ کے سامنے ادا کی۔ جس کے بعد عزاداران نے نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ اور ڈھوک سیداں میں ماتمی جلوس نکالے گئے جب کہ اسلام آباد کی رحمانی مسجد آبپارہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث راولپنڈی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد تھی۔ ایبٹ آباد، مظفرآباد، چکوال اور جہلم میں بھی یوم علی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ فیصل آباد میں یوم حضرت علی پر 16 جلوس اور 45 مجالس منعقد کی گئیں۔ ماتمی جلوسوں کو موبائل، سی سی ٹی وی کیمرہ وینز، اور ویڈیو کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا گیا۔ رینجر اور فوجی دستے بھی گشت کرتے رہے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں بھی مختلف مقامات پر ماتمی جلوسوں میں شرکا نے سینی کوبی اور زنجیر زنی کی۔ گوجرانوالہ میں بھی ڈبل سواری پر پابندی رہی اور 2 ہزار سے زائد اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیئے۔ ملتان میں ماتمی جلوسوں سے پہلے مجالس عزا میں حضرت علی کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ ماتمی جلوسوں میں شریک عزا داروں نے سینہ کوبی بھی کی۔ چنیوٹ میں 8 جلوس اور 8 سے زائد مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ حیدرآباد میں مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ سے نکالا گیا جو قدم گاہ مولا علی پہنچ کر ختم ہوا۔ جلوس میں علم پاک، ذوالجناح، تابوت اور تعزیئے بھی شامل تھے۔

سکھر ميں اہلسنت والجماعت نے قاسم پارک سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور یوم شہادت علی پر ملک ميں عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔ خیرپور ميں بھی امروٹی مسجد لقمان سے جامع مسجد صدیق اکبر تک ریلی نکالی گئی۔ کوئٹہ میں یوم علی کا مرکزی جلوس آج رات دس بجے علمدار روڈ سے برآمد ہو گا۔ شرکا کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔