ایف بی آر نے نادرا سے 2لاکھ سے زائد امیر ترین لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا

یہ وہ لوگ ہیں جو شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اور قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، ایف بی آر


ارشاد انصاری October 24, 2024
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

ایف بی آر نے ٹیکس چوری روکنے اور ریونیو بڑھانے کے ساتھ ساتھ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے والے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے نادرا سے دو لاکھ سے زائد ملک کے امیر ترین لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اور قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کے ڈیٹا کا ڈیسک آڈٹ کیا جا رہا ہے اور کراس میچنگ کے بعد ان لوگوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور ان سے انکی آمدنی کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے مطابق ٹیکس چوری روکنے اور ریونیو بڑھانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو جامع ریونیو جنریشن اسٹریٹجی پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی پلان کے تحت ایف بی آر نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے ملک کے امیر ترین مزید لوگوں کا ڈیٹا حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ، دیگر اداروں سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا نے ٹیکس نیٹ سے باہر دو لاکھ سے زائد امیر افراد کا ڈیٹا ایف بی آر کے حوالے کر دیا ہے اور نادرا نے ڈیٹا بینک اکاوٴنٹس، جائیداد کی ملکیت، لگژری گاڑیوں کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق شہریوں کے تواتر کے ساتھ بین الاقوامی سفر کی معلومات بھی ڈیٹا میں شامل ہے، شاہانہ زندگی گزارنے والے افراد کو ٹیکس وصولی کے لیے ہدف بنایا جائے گا، شہریوں کے طرز زندگی سے متعلق ڈیٹا کی مدد سے زائد آمدنی کا پتہ چلتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے