وزیراعلیٰ سندھ کا نگراں سیٹ اَپ کا قانون ختم کرنے کا مطالبہ

نگراں سیٹ اَپ ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس نظام سے کوئی فائدہ نہیں، مراد علی شاہ


اسٹاف رپورٹر October 28, 2024

کراچی:

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نگراں حکومت کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اس قانون کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے، 26ویں آئینی ترمیم پیپلز پارٹی کی خواہش تھی جو پوری ہوئی۔

فاطمہ جناح گرلز ہائی اسکول گارڈن میں انسدادِ پولیو مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگراں سیٹ اَپ ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس نظام سے کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال نگراں حکومت کے سبب خناق اور دیگر ویکسینز کے حوالے سے مشکلات پیش آئیں۔

پولیو مہم کے حوالے سے وزیر اعلٰیٰ نے کہا کہ آج سے ملک بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ سندھ میں عالمی دن کی مناسبت سے یہ مہم پہلے سے ہی ایڈوانس میں شروع کی گئی تھی۔ پاکستان بھر میں 1994 میں پولیو کے کافی کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اس وقت اندازے کے مطابق 20ہزار بچے پولیو وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔ پاکستان میں شہید بینظیر بھٹو نے پولیو مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے پہلے قطرے اپنے بچوں کو پلائے جس کے بعد کچھ سالوں میں کیسز میں تین ڈیجٹ کی کمی دیکھی گئی۔ تاہم 2018 اور 2024 میں پولیو کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ رواں سال ملک میں پولیو کے 41 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 12 کیسز سندھ سے ہیں، اس سات روزہ مہم کے دوران سندھ میں پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جس میں 81 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں۔

وزیر اعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک رہیں، اس کے ساتھ چھ ماہ سے پانچ سال کے بچوں کو وٹامن اے کی ڈوز بھی دی جا رہی ہے تاکہ ان کی قوت مدافعت بہتر ہو سکے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو ایسے ممالک ہیں جہاں ابھی تک پولیو وائرس موجود ہے۔ ایئر پورٹس پر ہمیں اس بات کی تصدیق کے لیے کارڈ دکھانا پڑتا ہے کہ ہم نے پولیو کے قطرے پیے ہیں جو ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارسا نے غیر قانونی فیصلہ کیا ہے، جسے ہم سی سی آئی کے پاس لے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے اس مہم کے حوالے سے کہا کہ انکاری کیسز کو ضلعی، یو سی اور وارڈ سطح پر رپورٹ کیا جائے تاکہ یومیہ پورٹ کے ذریعے انکاری کیسز کا اندازہ لگا کر والدین کو تلقین کی جائے، ہم نے اب 50 فیصد انکاری کیسز کو کم کیا ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزراء سید سردار علی شاہ اور ذوالفقار علی شاہ سمیت گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے