ورلڈکپ میں سخت جدوجہد کے باوجود فتح نہیں ملی برازیلین اسٹرائکر نیمار

دیگر ممالک ہم سے آگے بڑھ گئے،کوچ پر الزام عائد نہیں کیا جا سکتا، برازیلین اسٹار


Sports Desk/AFP July 22, 2014
دیگر ممالک ہم سے آگے بڑھ گئے،کوچ پر الزام عائد نہیں کیا جا سکتا، برازیلین اسٹار۔ فوٹو: فائل

برازیل نے ورلڈکپ میں سخت جدوجہد کی لیکن کامیابی نہیں ملی، اس کا الزام کوچ اسکولاری پر عائد نہیں کیا جا سکتا، ان خیالات کا اظہار اسٹار فٹبالر نیمار نے ایک انٹرویو میں کیا۔

تفصیلات کے مطابق برازیل کی ناخوشگوار ورلڈ کپ مہم کے بعد نیمار نے کہاکہ ہماری ٹیم نے فتح کیلیے زبردست کوششیں کیں لیکن دیگر ممالک ہم سے آگے بڑھ گئے، سابق کوچ لوئز فیلپ اسکولاری کو الزام دینے سے انکار کرتے ہوئے نیمار نے نوجوان پلیئرز کو ایسے کوچز سے ہوشیار رہنے کیلیے تنبیہ کی جو نوجوان پلیئرز کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

22 سالہ پلیئر نے کہاکہ سیمی فائنل میں چیمپئن جرمنی سے 1-7 کی شکست کے باوجود برازیل کو ورلڈ کپ میں کارکردگی پر 10 میں سے 7 پوائنٹس دینے چاہئیں، ناکامی کی کچھ ایسی وجوہات بھی ہیں جنھیں بتایا نہیں جا سکتا، مجھے یقین ہے کہ میں بھی انہی 23 پلیئرز کا انتخاب کرتا جنھیں اسکولاری نے منتخب کیا، انھوں نے کہاکہ برازیل کو مان لینا چاہیے کہ وہ کافی نیچے گر چکا اور کامیابی کا کوئی خودکار زینہ نہیں ہوتا ہے ۔نیمارکولمبیا سے کوارٹرفائنل کے دوران ریڑھ کی ہڈی متاثر ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل نہیں کھیل سکے تھے، انھوں نے کہا کہ میں4برس بعد روس میں اپنے ورلڈ کپ خواب کی تکمیل کروں گا۔