پاکستان شوبز کی اداکارہ منال خان کا کہنا ہے کہ وہ جلد ڈراموں میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں۔
حال ہی میں منال خان زارا نور عباس کے شو ’واٹ مام سینس‘ میں شریک ہوئیں، انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی ٹی وی انڈسٹری میں واپسی اور مقبول ڈرامہ ’جلن‘ کی کامیابی پر بات کی۔
منال خان کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں میں اپنی واپسی کا شدت سے ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا ’میں خود سے یہ سوال کرتی ہوں کہ کیا میں ٹی وی پر واپس آؤں گی؟ اور ہمیشہ اس کا جواب ہاں میں دیتی ہوں، کیونکہ میں واقعی اس کو حقیقت بنانا چاہتی ہوں۔ لیکن فی الحال میرا بیٹا میری سب سے پہلی ترجیح ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں اداکاری کو یاد کرتی ہوں اور جلد ہی واپسی کروں گی‘۔
منال خان نے مستقبل میں کسی رومانوی کہانی پر مبنی ہیروئن کا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں دوبارہ منفی کردار نہیں نبھانا چاہتی۔ 'جلن' ایک خاص پروجیکٹ تھا، جس میں میں نے اپنی بہن کی میراث کو جاری رکھنے کے لیے بہت محنت کی‘۔
یاد رہے کہ منال خان اداکار احسن محسن اکرام کی اہلیہ ہیں اور اس خوبصورت جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے شادی کے بعد منال نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کے بعد مداح ان کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کیلئے بےقرار ہیں۔