نئے پاکستانی پلیئرز کو ’’لانچنگ پیڈ‘‘ مل گیا

ٹی ٹوئنٹی میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا، سلمان علی آغا


اسپورٹس ڈیسک December 01, 2024
فوٹو : اسوسیٹ پریس (اے پی)

لاہور:

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ اتوار کو کوئنزاسپورٹس کلب بولاوایو میں ہوگا، نئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ’’لانچنگ پیڈ‘‘ مل گیا اور وہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے بے چین ہیں۔

قیادت سلمان علی آغا کریں گے جن کا کہنا ہے کہ سیریز جیتنا ہمارا اولین ہدف ہے، تینوں میچز کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں پاکستان نے 2-1 سے مات دی، اب دونوں ٹیموں کا ٹی20 سیریز میں سامنا ہوگا، اتوار کو پہلا میچ کوئنز اسپورٹس کلب پر ہونا ہے۔

پاکستان نے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سلمان علی آغا کپتان ہوں گے جبکہ دیگر پلیئرز میں صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان (وکٹ کیپر)، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور صفیان مقیم شامل ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ جونیئر اور سینیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سیریز جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، ہم زمبابوین ٹیم کو کسی بھی صورت آسان نہیں سمجھیں گے، اسے نہ صرف ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہوگا بلکہ ہماری طرح زمبابوے کے پاس بھی میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ زمبابوے کی ٹیم اپنے میدانوں اور کنڈیشنز میں حریف سائیڈز کو ہمیشہ ٹف ٹائم دیتی ہے، ہم بھی پوری طرح تیار ہیں، کوشش ہوگی کہ حریف کو جیت کا کوئی موقع فراہم نہ کریں۔

قومی کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے بہت سے کھلاڑی موجود ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرنے کے بعد اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے، ایسے پلیئرز کو انٹرنیشنل میچز کا تجربہ دلانا بھی بہت ضروری ہے، سیریز کے دوران انھیں زیادہ سے زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں