پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ نے پاکستان بنایا اس لیے ہمیں تمام قوموں کی ثقافت کا احترام ہے تاہم سندھ کی ثقافت پر طنز، سندھ کے پانی اور وحدت پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے ان خیالات کا اظھار اتوار کے روز سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر سندھ کی عوام کو مبارک دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ کو 5 ہزار سال پرانی اپنی ثقافت پر فخر ہے اور سندھ کی سرزمین نے ہمیشہ محبت، امن اور رواداری کا ثبوت دیا ہے ثقافتی دن منانے سے معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے معاشرے اور سیاست میں عدم برداشت، تشدد اور تقسیم کے رجحان کے خاتمے کے لیے ثقافتی سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے تاکہ معاشرے میں اپنائیت کے احساس کو فروغ مل سکے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کرکے ملک کو وجود میں لایا اور سندھ کی عوام اپنے دریا اور پانی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ متنازعہ کینال منصوبہ سندھ کے عوام کو قبول نہیں ہے اس لیے سندھ کی مرضی کے بنا کوئی بھی منصوبہ نہیں بننا چاہیے سندھ کی عوام نے ہمیشہ نفرت اور انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے اس لیے سندھ کی عوام کے دلوں میں انتشار اور نفرت پھیلانے والوں کی کوئی جگہ نہیں۔
اویس قادر شاہ نے کہا کہ ثقافتی دن منانے پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہیں اور سندھ کو اپنے ثقافت پر فخر ہے اور سندھ کی ثقافت اور تہذیب پر طنز کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی۔