جڈیجا پر جرمانے نے بھارت کو غصے سے سرخ کر دیا

میچ ریفری کے فیصلے پر اعتراض جڑتے ہوئے آئی سی سی سے اپیل کا ارادہ کر لیا


Sports Desk/AFP July 26, 2014
بھارت نے انگلش پیسر کیخلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی کہ انھوں نے آل راؤنڈر کوگالیاں اور دھکے دیے۔ فوٹو : فائل

HARIPUR: رویندرا جڈیجا پر جرمانے نے بھارت کو غصے سے سرخ کر دیا۔

میچ ریفری ڈیوڈ بون نے خصوصی اختیار کرتے ہوئے لیول ٹو کے بجائے ون کا اطلاق کرتے ہوئے آل راؤنڈر کو پابندی سے بچایا مگر بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی اس سے تسلی نہیں ہوئی،اس نے فیصلے پر اعتراض جڑتے ہوئے فوراً آئی سی سی سے اپیل کا ارادہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے دوسرے دن لنچ بریک میں جیمز اینڈرسن اور جڈیجا ناخوشگوار واقعے میں الجھے تھے، بھارت نے انگلش پیسر کیخلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی کہ انھوں نے آل راؤنڈر کوگالیاں اور دھکے دیے۔

کیس کی سماعت یکم اگست کو ہو گی، میزبان بورڈ نے بھی جوابی حملہ کرتے ہوئے جڈیجا پر دھمکانے کے انداز میں اینڈرسن کی جانب لپکنے کا الزام لگا دیا، اس معاملے پرلیول ٹو خلاف ورزی کی شکایت درج کرائی گئی،گذشتہ روز آئی سی سی نے کھیل کی اسپرٹ کے منافی حرکت پر بھارتی کھلاڑی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، کیس کی ساؤتھمپٹن میں ڈھائی گھنٹے تک سماعت جاری رہی،اس موقع پر دونوں کھلاڑی، وکلا اور ٹیموں کے نمائندے بھی موجود تھے، آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے معاملے کو ٹو کے بجائے لیول ون اسٹیٹس دیا، یوں جڈیجا پابندی سے بچ نکلے اور سیریز کے بقیہ تمام میچز کیلیے دستیاب ہونگے، لیول ٹو کے اطلاق پر وہ ایک میچ کیلیے معطل ہو جاتے۔

ون کی زیادہ سے زیادہ سزا50فیصد میچ فیس ہی ہے۔ دریں اثنا بھارتی ٹیم مینجمنٹ جڈیجا پر جرمانے سے ناخوش ہے، ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم فیصلے سے مطمئن نہیں اور اپیل کا حق محفوط رکھتے ہیں، اس معاملے میں آل راؤنڈر کی کوئی غلطی نہیں تھی اور اسے ہماری مکمل سپورٹ حاصل رہے گی۔ اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ لیول ون کی سزا پر کوئی اپیل نہیں ہو سکتی، دوسری جانب انگلش بورڈ نے فیصلے پر کسی تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔