بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

قابض بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران دو کشمیری نوجوان کو شہید کیا


ویب ڈیسک February 06, 2025
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا کے ایک علاقے میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔

اس دوران ایک مال بردار ٹرک نے مال اتار لینے کے لیے علاقے میں داخل ہونے کے لیے ٹرن لیا جس پر بھارتی فوج نے براہ راست فائرنگ کردی۔

قابض بھارتی فوج کی فائرنگ میں ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ڈرائیور کی لاش سمیت ٹرک کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

اسی طرح ایک اور واقعے میں ضلع کٹھوا کے رہائشی نوجوان کو بھارتی فوج نے اسپیشل فورس کے ہمراہ کی گئی ایک کارروائی میں گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں نوجوان کی تشدد زدہ لاش ویران علاقے سے برآمد ہوئی۔ لواحقین نے لاش کو سڑک پر رکھ کر بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے یومِ کشمیر منایا گیا تھا۔ 

قابض بھارتی فوج نے اس دن بھی پورے مقبوضہ کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کردیا تھا۔ چپے چپے پر اہلکار تعینات تھے۔

اس کے باوجود غیور اور بہادر کشمیریوں نے پاکستانی وزیراعظم ، آرمی اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی تصاویر کے پوسٹرز لگائے اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں ریلیاں نکالیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں