روزگار کی تلاش میں کراچی آنے والا نوجوان تشدد کے بعد قتل

قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں مقتول کے 2 دوستوں کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس


اسٹاف رپورٹر February 07, 2025

روزگاہ کی تلاش میں کراچی آنے والے نوجوان کوتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔

5 فروری کی صبح 9 بجے کے قریب  بوٹ بیسن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 4 باغ ابن قاسم بارہ دری پارک کے قریب سے ایک نوجوان تشدد زدہ اور بیہوشی کی حالت میں ملا تھا۔ اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اورزخمی نوجوان کو فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی نوجوان کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوسکی تھی کہ اس کی شناخت ممکن ہوسکے۔ پولیس نے فوری طور پر نوجوان کے ورثا کی تلاش شروع کی۔

زخمی نوجوان جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے مقتول نوجوان کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا تو میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مقتول نوجوان کی موت سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث ہوئی ہے۔ مقتول نوجوان کا بائیو میٹرک کرایا تواس کی شناخت  20محمد الیاس ولد بہرام خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان کا آبائی تعلق ضلع بونیر سے تھا۔

ایس ایچ او بوٹ بیسن عمران آفریدی نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نوجوان باغ ابن قاسم بارہ دری پارک کی راہ داری سے گر کر زخمی ہوا کیونکہ اکثر لوگ باغ ابن قاسم  بارہ دری پارک کی راہ داری میں سویا کرتے ہیں۔ مقتول نوجوان کی فیملی ٹری نکلوانے کے بعد منگھوپیرایم پی آرکالونی کے رہائشی اس کے چچا عبید اللہ ولداحسان اللہ سےرابطہ کیا توانہوں  نے بتایا کہ مقتول نوجوان فٹ پاتھ پرسو کررات گزارنے والا نہیں ہے بلکہ مقتول نوجوان ایک ماہ قبل روزگارکی تلاش میں کراچی آیا تھا اور3 فروری کوروزگارکی تلاش میں گھرسے نکلا تھا اورپھرواپس نہیں لوٹا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے۔ نوجوان کے قتل کامقدمہ الزام نمبر 25/92 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت مقتول  کے چچا عبید اللہ ولد احسان اللہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔ قتل کے شبے میں نوجوان کے 2 دوستوں طلحہ اورغفران کو حراست میں لیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مقتول کے چچا عبید اللہ اورماموں محمد ریاض نے بتایا کہ پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہےاورپولیس کوکچھ شواہد بھی ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد مقتول نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کرگرفتارکرلیاجائے گا ۔۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں