کراچی:
شہر قائد میں حاملہ خاتون کے قتل کا معما حل ہوگیا، جس میں کرایہ دار میاں بیوی نے لوٹ مار کرتے ہوئے مکان مالکن کو جان سے مار دیا۔
انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماری پولیس نے موچکو مشرف کالونی میں گھر سے ملنے والی عائشہ کی لاش کا معما حل کر کے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے مقتولہ عائشہ کو گھر میں اکیلا پاکر اسے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نواب خان ولد احمد علی اور اس کی اہلیہ رخسانہ کے نام سے کی گئی ، جنہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے عائشہ کو تشدد کے بعد قتل کیا تھا اور اس کے پہنے ہوئے طلائی زیورات بھی چھین کر فرار ہوگئے تھے ۔
گرفتار میاں بیوی مقتولہ کے گھر کے ایک پورشن میں کرایہ پر رہائش پذیر تھے جب کہ ملزمہ کا مقتولہ کے گھر پر آنا جانا تھا، جو زیور اور پیسوں کی لالچ میں واردات کر گئے۔ مقتولہ عائشہ 8 ماہ کی حاملہ تھی ۔