کراچی: گھر میں آتشزدگی سے ماں جاں بحق، دو بچے زخمی

گھر میں آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے، متوفیہ کے شوہر کا پولیس کو بیان


اسٹاف رپورٹر February 10, 2025

کراچی:

باغ کورنگی میں گھر میں آتشزدگی کے دوران ایک خاتون جھلس کر جاں بحق جبکہ دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔

عوامی کالونی تھانے کے علاقے باغ کورنگی میں ایک رہائشی مکان کے گراؤنڈ فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ آتشزدگی کے دوران گھر میں موجود 3 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز، کے ایم سی فائربریگیڈ، ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

آگ کے نتیجے میں گھر کے تمام کمرے اور سامان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے جبکہ گھر کا باورچی خانہ محفوظ رہا۔ آتشزدگی کے دوران جھلس کر جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت گلشن زوجہ راشد کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت اسما عرف حفضہ اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے جو متوفیہ خاتون کا بیٹا اور بیٹی ہیں۔

فائر آفیسر شاہ فیصل ٹاؤن جاوید حسن کے مطابق گھر میں موجود دو بیٹریاں جلی ہوئی تھیں، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔

دریں اثنا ایس ایچ او عوامی کالونی محمد سعود نے ایکپسریس کوبتایا کہ گھر میں آتشزدگی کا واقعے کی تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آگیا ہے، پولیس نے آتشزدگی کے واقعے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر راشد کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے۔ متوفیہ خاتون کے شوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ گھریلو تنازع پر اس کے بھائی دلاور نے اس کی غیر موجودگی میں گھرمیں پیٹرول چھڑک کر آگ لگاَئی۔

 ایس ایچ او نے بتایا کہ شوہر کے بیان کے بعد پولیس نے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا ہے تاکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا سکیں، فائر بریگیڈ عملے کے مطابق گھر سے پیٹرول کی بو آرہی تھی لیکن ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس ثابت ہوسکے کہ آگ پیٹرول کے باعث لگی۔

ادھر ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے گریس کے قریب سوزوکی گاڑی میں ویلڈنگ کے دوران آگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جن کی شناخت 17 سالہ شاہد ولد عمراور 30 سالہ عامر ولد نذرحسین کے نام سے ہوئی ہے۔

کورنگی نمبر 4 موبائل مارکیٹ میں ایک دکان میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا، تاہم فائربریگیڈ حکام کے مطابق اس آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں