کراچی:
عالمی تحقیقی ادارے ٹریس مارک کی فروری میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 280روپے پر آنے کی پیشگوئی، زرمبادلہ کی طلب بڑھنے اور غیرملکیوں کی مارکیٹ ٹریژری بلوں سے سرمائے کے انخلا کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو بھی ڈالر کی اڑان برقرار رہی۔
زرعی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کی شرط پوری ہونے کے نتیجے میں آئی ایم ایف سے اگلی قسط کی راہ ہموار ہونے جیسے عوامل کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر 07 پیسے کی کمی سے 278 روپے 97 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
لیکن بیرونی ادائیگیوں کے دباو، زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں کمی سے ڈالر سپلائی متاثر رہی جس سے کاروبار کے وسط میں ڈالر کی پیشقدمی شروع ہوئی جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 17 پیسے کے اضافے سے 279 روپے 21 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 15 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 99 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔