کراچی:
سندھ میں اساتذہ کی تربیت کے لیے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے بڑا اقدام لے لیا، نجی اسکولوں کے ٹیچرز کی تربیت میں تیزی، کراچی میں سندھ ٹیچرز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کا انعقاد بوائز اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ سندھ کے سرکاری تعلیمی اداروں کے بعد نجی اسکولوں میں بھی اساتذہ کی تربیت اور لائسنسنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سیکریٹری تعلیم سندھ نے کہا بہترین استاد ہی بچوں کے بہترین مستقبل کا ضامن ہے اور اساتذہ کی تربیت کے عمل کا آغاز سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ہوگا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے نجی اسکولوں کے پونے دو لاکھ اساتذہ کو تربیت کے بعد لائسنس جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کا عمل مرحلہ وار ہوگا جس میں 1 لاکھ 60 ہزار سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت دی جائے گی اور نئے بھرتی ہونے والے 60 ہزار اساتذہ کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی، یہ تمام تربیتی اقدامات دس سالہ منصوبے کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔