پشاور:
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ بطور چیف جسٹس ان کے 11ماہ کے دور میں 23ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد سینئر ترین جج جسٹس اعجاز انور کو چیف جسٹس مقرر کیے جانے کاامکان ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم 11 اگست 2016 کو پشاور ہائی کورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے اور انہوں نے 15 اپریل 2024 کو بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا حلف اٹھایا تھا، ان 11 مہینوں میں پشاور ہائی کورٹ میں 20 ہزار 438 مقدمات دائر ہوئے اور اس دوران 23 ہزار 317 مقدمات نمٹائے گئے۔
بطور چیف جسٹس ان کی مقدمات نمٹانے کی شرح 113 فیصد رہی، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور ہائی کورٹ جج 19 ہزار 800 مقدمات کے فیصلے کیے ہیں، انہوں نے حال ہی میں وراثتی مقدمات جلد نمٹانے کے لیے خصوصی وراثتی عدالتیں بھی قائم کیں اور سروس ٹریبونل میں آن لائن مقدمات کا آغاز بھی کیا۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے گرمیوں کی چھٹیاں ختم کرکے خصوصی بینچ شکیل دیے تھے اور مختلف نوعیت کے مقدمات کو کیٹگریز میں تقسیم کیا تھا تاکہ انہیں جلد نمٹایا جاسکے۔
ان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد چیف جسٹس کے عہدے کے لیےسینئر ججوں میں جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ شامل ہیں۔