کراچی؛ واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر رہائشی عمارت میں جا گھسا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ویڈیو میں فلیٹ کے مکین یہ بتا رہے تھے کہ ٹینکر مافیا کو اب کچھ نہیں ملا تو وہ دیواروں میں بھی گھسنے لگے ہیں


اسٹاف رپورٹر February 15, 2025

کراچی:

سخی حسن ہائیڈرنٹ کے قریب واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر رہائشی عمارت کی چار دیواری میں جا گھسا ، ملبہ گرنے سے گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا ، حادثے کے بعد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو بنانے والے شہری کے ہمراہ فلیٹ کے مکین بھی تھے اور وہ یہ بتا رہے تھے کہ ٹینکر مافیا کو اب کچھ نہیں ملا تو وہ دیواروں میں بھی گھسنے لگے ہیں ، نہ مال محفوظ ہے اور نہ ہی جان محفوظ ہے۔

شہری کا کہنا تھا کہ ہفتے کی صبح سخی حسن ہائیڈریٹ کے قریب کے ڈی اے فلیٹس سینٹرل ویو اپارٹمنٹ کی چار دیواری میں واٹر ٹینکر گھس گیا جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر ایک گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ دیگر 2 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

شہری کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مبینہ طور پر نہ لائسنس ہوتا ہے، نہ ہی پرمٹ اور نہ ہی بریک لگاتے ہیں، ان کو کون لگام دے گا ، قانون پر کون عملدرآمد کرائے گا۔

حادثے سے متعلق ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سخی حسن ہائیڈرنٹ کے قریب واٹر ٹینکر رہائشی عمارت کی چار دیواری کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہفتے کی صبح ڈرایئور ٹینکر ریورس کرنے کے بجائے آگے لے گیا جو رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار سے ٹکرا گیا اور ملبہ اندر کھڑی گاڑیوں پر گر گیا تاہم واٹر ٹینکر کے مالک اور گاڑی کے مالکان کے درمیان تصفیہ ہوگیا اور گاڑیوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائےگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں