کراچی:
اورنگی ٹاون فٹبال چوک کے قریب بیکری میں ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، دوران واردات ملزمان ڈیڑھ لاکھ روپے کیش اور 5 قیمتی موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاون فٹبال چوک کے قریب بیکری میں ہفتے کو ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ملزمان لوٹ مار کرنے آئے تھے۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ تین مسلح ملزمان نے بیکری کے اندر لوٹ مار کی اور دو ملزمان بیکری کے باہر کھڑے رہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں جنہیں بآسانی شناخت کیا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ مومن آباد اور اقبال مارکیٹ پولیس مشترکہ طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کر رہی ہے۔
کرائم سین یونٹ کی مدد سے واردات کے اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔