انٹربینک میں ڈالر کی قدر مستحکم، اوپن مارکیٹ میں معمولی اضافہ

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 04پیسے کے اضافے سے 281روپے 12پیسے کی سطح پر بند ہوئی


احتشام مفتی February 19, 2025

کراچی:

آج بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈیمانڈ سپلائی متوازن ہونے سے ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی۔

مثبت معاشی اشاریوں، گزشتہ 7 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 56 فیصد بڑھنے، وزیر خزانہ کی دورہ سعودی عرب سے وابستہ مثبت توقعات، سعودی عرب سے ایک سال تک موخر ادائیگیوں پر ماہانہ 10کروڑ ڈالر مالیت کا خام تیل فراہم کرنے جیسے عوامل کے باعث بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈیمانڈ سپلائی متوازن ہونے سے ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی، تاہم اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی۔

آئی ایم ایف جائزہ مشن کی مارچ میں آمد کے بعد 1ارب ڈالر کی دوسری قسط منظور ہونے کی توقعات جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے کے دوران ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 15پیسے کی کمی سے 279روپے 21پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279روپے 36پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 04پیسے کے اضافے سے 281روپے 12پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں