لاہور: ٹریفک وارڈن کی معذور رکشہ ڈرائیور پر تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کی کوئی بات نہیں سنتا، ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا ہے


ویب ڈیسک March 01, 2025

لاہور پولیس کے ٹریفک وارڈن کی معذور رکشہ ڈرائیور پر  تھپیڑوں  کے ساتھ تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں ٹریفک وارڈن کو تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، معذور رکشہ ڈرائیور ٹریفک وارڈن کو بتاتا ہے کہ میں معذور ہوں، معذوری کی حالت میں اپنے بچوں کو حلال رزق کما رہا ہوں۔

ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کی کوئی بات نہیں سنتا، ٹریفک وارڈن معذور رکشہ ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا ہے، مقامی لوگوں نے اکھٹے ہو کر رکشہ ڈرائیور کی جان چھڑوائی۔

اہل علاقے نے کہا کہ ٹریفک وارڈن اکھٹے ہو کر صرف چلان کرتے ہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کرتے ہیں، شہریوں سے ہاتھا پائی اور بدتمیزی معمول کی بات ہے۔

ٹریفک وارڈن کی رکشے والے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئے پر  سی ٹی او لاھور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے ٹریفک وارڈن کو فوری طور پر معطل کردیا اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو معاملے کی انکوائری کرنے کاحکم جاری کر دیا۔

سی ٹی او لاہور کا  کہنا ہے کہ شہریوں کی جان اور مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے کسی صورت بھی کسی شہری کی تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

مقبول خبریں