مصطفیٰ عامرقتل کیس؛ تفتیشی ادارے منشیات کے سسٹم کے اہم کرداروں کو بے نقاب کرنے کیلیے متحرک

اس بات کی نشاہدہی کی جارہی ہے کہ منشیات مافیا کو کون آپریٹ کررہا ہے اوران عناصر کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے،تفتیشی حکام


عامر خان March 07, 2025

کراچی:

مصطفی عامرقتل کیس میں منشیات کے سسٹم کے اہم کرداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے  تفتیشی ادارے متحرک ہوگئے ، اس کے پس پردہ عناصر کو منظر عام پر لانے کے لیے مختلف زوایوں سے چھان بین کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصطفی عامرقتل کیس میں منشیات کے سسٹم کے اہم کرداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے  تفتیشی ادارے حرکت میں آگئے ہیں، اس بات کی نشاہدہی ہورہی ہے کہ اس منشیات مافیا کو کراچی میں کون آپریٹ کررہا ہے اور ان عناصر کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے۔

ایکسپریس کو اہم تفتیشی حکام نے بتایا کہ مصطفی عامر کیس میں گرفتار ملزمان سے ہونے والی تفتیش کی روشنی میں تحقیقاتی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہےہیں کہ شہر قائد کے پوش علاقوں میں آئس سمیت دیگر مہنگی منشیات کی فروخت کیسے ممکن ہوئی ہے۔

اس بات کی نشاہدہی ہورہی ہے کہ منشیات کی فروخت کے اس سسٹم میں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جارہا ہے، منشیات فروشی کے اس سسٹم میں ان کی آمد، سپلائی اور فروخت میں صرف ایک کردار کا ملوث ہونا ناممکن ہے، اس معاملے پر ایک چین سسٹم ہے جسے  مبینہ طور پر بااثر افرادکی پشت پناہی حاصل ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ اب تک تحقیقاتی حکام اس کیس کے گرفتار کرداروں پر تفتیش کررہے تھے اب اس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اس کے تمام کرداروں کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں جلد کریک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔ اس تحقیقات میں مقامی، ملکی یا غیر ملکی کردار سامنےآنے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں