مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے ووٹوں پر کھڑی ہے، اگر ہمیں نقصان ہو گا تو پیپلز پارٹی کو بھی نقصان ہو گا۔
وزیر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کھیل داس کوہستانی اسلام آباد سے کراچی پہنچے تو ایئرپورٹ پر رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں جو بھی زمہ داری ملے گی اسے نبھائیں گے۔ پارٹی کے قائد اور ورکرز کی محبت کی وجہ سے وزیر بناہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا پاکستان کی بہتری ہے۔ نواز شریف نے کراچی میں امن دیا، ہماری حکومت نوکریاں دے گی، ریکارڈ ترقیاتی کام کرے گی، سندھ کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے ووٹوں پر کھڑی ہے۔ اگر ہمیں نقصان ہوگا تو پیپلز پارٹی کو بھی نقصان ہوگا، سندھ کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے کے کسی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔