سسٹم میں تبدیلیاں؛ تاجر بروقت سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں ناکام

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدرنے سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیےدو ہفتوں کی توسیع کا مطالبہ کیا


احتشام مفتی March 15, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے آن لائن آئی آر آئی ایس سسٹم کے صارفین کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو اس سسٹم میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔

احمد عظیم علوی نے کہا کہ ایچ ایس کوڈ کے نظام میں تبدیلیاں، پیمائش کے یونٹس کا مسترد ہونا اورانیکسز اپ لوڈ کرنے میں دشواریاں شامل ہیں، جس کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان اپنے ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن بروقت فائل کرنے سے قاصر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مسائل ہر ٹیکس دہندگان کو متاثر کر رہے ہیں، 8 ہندسوں پر مشتمل ایچ ایس کوڈ کے اچانک نفاذ، پیمائش کے یونٹس کا مسترد ہونا اور دیگر مسائل کی وجہ سے پوری سپلائی چین اپنے ریٹرن فائل کرنے سے قاصر ہے۔

احمد عظیم علوی نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو محمد اورنگزیب اور وزیر تجارت جام کمال خان سے اپیل کی کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں حائل کاوٹیں دور کرنے کے لیے ہدایات جاری کریں۔

انہوں نے سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں کم از کم دو ہفتوں کی توسیع کا بھی مطالبہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں