کراچی:
شاہ فیصل کالونی پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر خاتون سمیت دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں گزشتہ کئی سالوں سے قائم فیصل راجہ کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گرفتار ملزم راجہ خرم اور ملزمہ حنا سے بھاری مقدار میں آئس اور دیگر نشہ آور منشیات برآمد کی گئی، گرفتار ملزم راجہ خرم اس سے قبل خود کو جعلی سرکاری اہلکار ظاہر کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ہو چکا ہے۔
گرفتار خاتون ملزمہ حنا مرکزی ملزم راجہ فیصل کی بیوی اور منشیات فروشی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، منشیات کے اڈے کا مالک مرکزی ملزم راجہ فیصل موقع پر آئس منشیات پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
منشیات اڈے کے مالک مرکزی ملزم راجہ فیصل کے خلاف شہر کے کئی تھانوں میں مقدمات درج ہیں ، گرفتار ملزمہ و ملزم کے خلاف امتناع منشیات امینڈمنٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیا گیا ہے۔