عمر کوٹ کے حلقہ این اے 213 کے ضمنی الیکشن میں پی پی امیدوار کی واضح برتری

پیپلزپارٹی کی امیدوار نے صبا تالپور کو اکثریت حاصل ہے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری


ویب ڈیسک April 17, 2025

عمر کوٹ: قومی اسمبلی کی نشست این اے 213 کے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں پاکستان پیپلزپارٹی کی امیدوار نے واضح اکثریت حاصل کرلی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 کے 230 پولنگ اسٹیشنز پر گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپور 86 ہزار 973 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف اور جی ڈی اے کے مشترکہ امیدوار لال ملاہی 33676 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام چار بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی اور اس دوران کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

تاہم پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنان ایک مقام پر آمنے سامنے آئے جس کے بعد کشیدگی پھیلی۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔

شازیہ مری نے پی ٹی آئی حیدرآباد کے وکلاء کی این اے 213 میں دھاندلی کی کوشش کی مذمت کی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے عمر کوٹ کے حلقے این اے 213 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی امیدوار کی کامیابی پر قیادت سمیت حلقے کی عوام اور کارکنان کو میبارکباد دی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی امیدوار کی کامیابی عوام کی کامیابی اور عوام کا چیئرمین بلاول بھٹو زردری کی قیادت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ عمرکوٹ کی عوام نے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی امیدوار کو کامیاب کرکے تمام مخالف جماعتوں کو مسترد کردیا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ یہ ثابت ہوگیا ہے کے تمام جماعتیں مل کر بھی پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں کیونک ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے بغض میں ایک دوسرے کی مخالف جماعتوں نے اتحاد کرنے کے باوجود شکست کھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار کیجانب سے اپنی شکست تسلیم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کے ضمنی انتخابات شفاف ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں