پاکستان کے بھرپور اور مؤثر جوابی حملے کے بعد بھارت میں ہلچل مچ گئی ہے اور پاک فوج کا خوف اس قدر بڑھ گیا ہے کہ مودی سرکار کو ملک بھر میں 32 ایئرپورٹس بند کرنے پڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی دفاع کو پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص شروع ہونے کے بعد سنگین خطرات کا سامنا ہے، جس کے بعد فوری طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 15 مئی تک درجنوں ایئرپورٹس مکمل طور پر بند رہیں گے۔
بھارتی حکام نے آدم پور، امبالا، امرتسر، اوانتی پور اور بھوج ایئرپورٹس پر تمام فلائٹ آپریشن معطل کر دیے اور یہی نہیں بلکہ بھٹنڈا، بیکانیر، چندی گڑھ اور ہلواڑا جیسے اہم ہوائی اڈے بھی 15 مئی تک کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہندن، جام نگر، جیسلمیر، جودھپور اور کانڈلا جیسے دفاعی لحاظ سے اہم اڈے بھی مکمل سیل کر دیے گئے ہیں۔
اُدھر شمالی بھارت میں خوف کی فضا ہے۔ کانگرا، کیشوڑ، کشن گڑھ، بھونتار، لدھیانہ، لیہہ اور مندرا ایئرپورٹس بھی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں جب کہ بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد نے پروازوں کی معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نلیہ، پٹھان کوٹ، پوربندر، راجکوٹ، شملہ، سری نگر، سر ساوا، تھیوس اور اترلائی ایئرپورٹس بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جہاں تمام کمرشل پروازوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
تمام بھارتی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ بھارت کا فضائی نظام شدید دباؤ اور خوف کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔
پاکستانی جوابی کارروائی نے واضح کر دیا ہے کہ قومی دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتا ممکن نہیں ۔ دشمن کی جارحیت کا جواب ہر محاذ پر دیا جائے گا۔