کراچی:
پاکستان پر بڑھتے ہوئے واجب الادا قرضوں کے حجم کے تناظر میں زرمبادلہ کی بڑھتی ہوئی مطلوبہ طلب، امریکا کی چائنیز مصنوعات پر ٹیرف میں کمی سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے رحجان جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو ایک بار پھر روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔
رواں ہفتے 30ارب روپے مالیت کے گرین سکوک کے اجراء ودیگر مثبت معاشی اشاریوں کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 09پیسے کی کمی سے 281روپے 47پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
لیکن درآمدی و بیرونی ادائیگیوں کی ڈیمانڈ آنے اور امریکی صدر کی دورہ سعودی عرب کے موقع پر امریکا میں ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری توقعات پر عالمی سطح پر ڈالر تگڑا ہونے کے خدشات کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 11پیسے کے اضافے سے 281روپے 67پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 19پیسے کے اضافے سے 283روپے 69پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔