کراچی:
شہر میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ایم کیو ایم نے کے الیکٹرک کے خلاف جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عامر صدیقی نے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروادی جس میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک شہریوں کے لئے عذاب بن گئی ہے، کے الیکٹرک کے خلاف سندھ حکومت جوڈیشل کمیشن قائم کرے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کے لائسنس کا بھی جائزہ لے۔
دوسری جانب، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق ہے، 70 فیصد بجلی کا نیٹ ورک لوڈ شیڈنگ سے مستثنا ہے اور ان علاقوں میں بجلی سپلائی بلاتعطل 24 گھنٹے کی جاتی ہے۔
ترجمان کے مطابق 30فیصد نیٹ ورک پر بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا ہے، ایسے علاقوں میں بلوں کی عدم ادائیگی و بجلی چوری کی شرح کے لحاظ سے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول نافذالعمل ہے۔ لوڈشیڈنگ شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ ادارہ بجلی چوروں اور نادھندگان کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ علاقہ معززین سے اپیل ہے کہ بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے اور بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کے لیے کردار ادا کریں۔ بجلی کی مفت فراہمی ممکن نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہری انتظامیہ سے بھرپور مدد کی اپیل کرتے ہیں۔