جسے کچرے سے اُٹھا کر پالا تھا؛ اُسی لڑکی نے بوائے فرینڈز کیساتھ ملکر ماں کو قتل کردیا

مقتولہ ماں نے اس لڑکی کو کچرے سے اُس وقت اُٹھایا تھا جب وہ صرف تین دن کی تھی


ویب ڈیسک May 19, 2025
خاتون نے اس لڑکی کو کچرے سے اس وقت اُٹھایا تھا جب وہ صرف 3 دن کی تھی

جس 3 دن کی نومولود کو سڑک سے اٹھا کر پال پوس کر جوان کیا تھا اُسی لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈز کے ساتھ مل کر ماں کو ہی قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دل دہلادینے والا واقعہ ریاست اوڈیشہ کے ضلع گجپتی میں پیش آیا۔ ماں کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس سفاک جرم کے پیچھے کوئی اور نہیں خاتون کی لے پالک 14 سالہ لڑکی تھی جس نے قتل کی یہ ہولناک واردات  اپنے 2 بوائے فرینڈز کے ساتھ مل کر انجام دی۔

لے پالک لڑکی کے محلے کے دو خود سے بڑی عمر کے لڑکوں 20 سالہ رتھ اور 21 سالہ ساہو کے ساتھ تعلقات تھے جنھوں نے اسے ماں کی دولت ہتھیانے کے لیے قتل پر آمادہ کیا۔

لڑکی کی ماں اُسے گنیش رتھ اور دینش ساہو سے دور رکھنے کی کوشش کرتی تھی اور بات نہ ماننے پر ڈانٹ ڈپٹ بھی کیا کرتی تھی۔

جس پر رتھ اور ساہو نے لڑکی کو ورغلایا کہ اگر ماں کا قصہ تمام کردیا جائے تو نہ صرف جائیداد مل جائے گی بلکہ وہ بلا روک ٹوک مل بھی سکیں گے۔

احسان فراموش لڑکی نے پیسوں کی لالچ اور اپنے ہوس کا سامان پورا کرنے کے لیے حقیقی ماں سے بڑھ کر پرروش کرنے والی خاتون کو قتل کرنے میں زرا تامل کا اظہار نہ کیا۔

ماں کے رات کو سوتے ہی لے پالک لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈز کو گھر بلالیا جن میں سے ایک نے ماں کے منہ پر تکیہ رکھا اور دوسرے نے ٹانگیں پکڑیں۔

بدنصیب ماں نے جان بچانے کی کوشش میں ہاتھ تو چلائے تو وہ ان کی لے پالک بیٹی نے پکڑ لیے۔ یہاں تک کہ ماں کا دم نکل گیا۔

بعد ازاں یہ تینوں ہی مقتولہ کو لے کر اسپتال پہنچے جہاں موت کی تصدیق کے بعد آخری رسومات بھی ادا کردی گئی تھیں۔

تاہم لے پالک لڑکی کا بھانڈا اُس وقت پھوٹا جب مقتولہ کے بھائی اور لڑکی کے ماموں کے ہاتھ اپنی بہن کا موبائل فون لگا۔

مقتولہ کے موبائل فون سے ان کی لے پالک لڑکی اپنے بوائے فرینڈز سے بات کیا کرتی تھیں اور ان کے جائیداد ہتھیانے کے لیے قتل سے متعلق چیٹنگ بھی مل گئی۔

مقتولہ کے بھائی نے یہ ثبوت پولیس کو فراہم کیے جس پر کارروائی کرتے ہوئے 14 سالہ لڑکی اور اس کے دونوں بوائے فرینڈز کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے ملزمان سے 3 موبائل فونز، قتل میں استعمال ہونے والے 2 تکیے اور تقریباً 30 گرام سونے کے زیورات بھی برآمد کر لیے۔

 

مقبول خبریں