اسرائیل کی مغربی کنارے میں یہودی ریاست بنانے کی دھمکی

اسرائیل غزہ کے بعد اب مغربی کنارے میں بھی یہودی ریاست بنانا چاہتا ہے


ویب ڈیسک May 30, 2025
اسرائیل کی مغربی کنارے میں یہودی ریاست بنانے کی دھمکی

اسرائیل نے غزہ اور مغربی کنارے میں وحشیانہ مظالم کی تمام حدیں پار کردیں اور اب اپنے ناجائز قبضے کو وسعت دینے کے ناپاک منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت نہ دینے کی مذمت اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دینے والے فرانسیسی صدر اور دیگر سربراہان مملکت پر تنقید بھی کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون تو صرف ایک کاغذ کے ٹکڑے پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے لیکن ہم زمین پر یہودی ریاست قائم کریں گے۔

اسرائیلی وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ مغربی کنارے میں یہودی ریاست کا قیام فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں اور ان کے ہم نوا ساتھیوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہوگا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع کاٹز نے اپنے متنازع اور اشتعال انگیز بیان میں مغربی کنارے میں ملٹری کارروائیوں کے بعد مستقبل کے بارے میں اہم اعلان کیا۔

اسرائیلی دفاع کاٹز نے تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جلد مغربی کنارے میں ایک یہودی اسرائیلی ریاست بنائیں گے۔

صیہونی ریاست کے وزیر دفاع کاٹز نے کہا کہ وہ ایسا اس لیے کریں گے تاکہ اسرائیل کو کمزور اور نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو فیصلہ کن ردعمل دیا جا سکے۔
 

مقبول خبریں