غیر قانونی کال سینٹر چلانے کا مقدمہ: ارمغان کیخلاف آئدہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم

چالان پیش نہ کرنے پر عدالت کا تفتیشی افسر پر اظہار برہمی


فوٹو فائل

کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کیخلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت کے روبرو مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کیخلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

مقدمے  کا تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا۔ چالان پیش نہ  کرنے پر عدالت تفتیشی افسر پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ چالان ابھی تک کیوں پیش نہیں کیا جاسکا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ کچھ وقت درکار ہے جلد کیس کا چالان پیش کردیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اتنا عرصہ گزر چکا، اب تک کیوں تفتیش مکمل نہیں ہوسکی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ کچھ ریکارڈ ملنے کا انتظار ہے جس کی وجہ سے چالان جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

مقبول خبریں