کراچی:
شہر قائد کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑ اور کورنگی کراسنگ کے قریب ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے چھیپا سرخانے منتقل کر دی اور نامعلوم گاڑی والے کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں سڑکوں پر موت کا رقص، ڈمپر کی ٹکر سے پروفیسر جاں بحق
زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کراسنگ انڈس اسپتال کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 53 سالہ اقبال ولد ولی مسیح کے نام سے کی گئی ، متوفی کورنگی نمبر ڈھائی کرسچن آبادی کا رہائشی تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔