تھائی لینڈ میں بھوکے ہاتھی نے کریانہ اسٹور میں گھس کر ’لنچ‘ اُڑایا؛ ویڈیو وائرل

ہاتھی نے چاول، کیلے اور سینڈ وچ سے بھوک مٹائی


ویب ڈیسک June 04, 2025

تھائی لینڈ میں ایک بھوکا ہاتھی جنگل سے نکل کر رہائشی علاقے کی ایک چھوٹی دکان میں اپنا پیٹ بھرنے گھس گیا۔

ہاتھی نے تقریباً 9 پیکٹ میٹھے چاول، ایک سینڈوچ، چپس، بسکٹس اور درجن سے زائد کیلے مزے لے لے کر کھائے اور اس دوران دکاندار اور خریدار دلچسپی سے دیکھتے رہے۔

دکاندار نے ہاتھی کو ہٹانے کے لیے مختلف حربے بھی استعمال کیے لیکن ہاتھی نے ایک نہ سنی اور کھانے میں مگن رہا۔

اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ تھائی لینڈ کے صوبے ناکھون راچا سیما میں پیش آیا، جو کھاؤ یائی نیشنل پارک کے قریب واقع ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھی سڑک کے کنارے واقع دکان کے سامنے رکا پھر پورا جسم اندر گھسا کر دکان کے کاؤنٹر تک پہنچ گیا۔

اس نے انتہائی سکون سے دکان کے شیلف سے مختلف اشیا اٹھاکر کھانے لگا اور جاتے ہوئے کھانے کی اشیا سے بھرے ایک شاپر بھی ساتھ لے گیا۔ 

نیشنل پارک کے رضاکار نے بتایا کہ یہ ہاتھی اس سے پہلے بھی کئی بار رہائشی علاقے میں داخل ہوکر ایسا کرچکا ہے۔ اس لیے سب اُسے اور وہ بھی لوگوں کو جاننے لگا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ میں 2024 میں جنگلی ہاتھیوں کی تعداد تقریباً 4 ہزار تھی لیکن جیسے جیسے جنگلات کی زمین پر قبضہ ہوتا جا رہا ہے۔

ویسے ویسے ہاتھی اپنی قدرتی پناہ گاہوں سے محروم ہو رہے ہیں اور بھوک مٹانے رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں اور ان کی افزائش نسل میں کمی واقع ہوئی ہے۔

 

 

مقبول خبریں