وزیراعظم کا ترک صدر اور عمان کے سلطان کو فون، دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

وزیر اعظم نے پاک بھارت بحران کے دوران پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر ترک صدر کا پھر شکریہ ادا کیا


ویب ڈیسک June 08, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور عمان کے سلطان کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد کے لئے ٹیلیفون کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر جناب رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ان کو اور ترکی کے برادر عوام کو عید کی  مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔

اپنے حالیہ دورہ استنبول اور لاچین کے دوران ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے پاک بھارت بحران کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

اس اقدام نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے اور پاک ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا.

دونوں رہنماؤں نے اپنی پچھلی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں  پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔ اس سے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ 

دونوں رہنماؤں نے بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  

صدر اردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر نیک خواہشات کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے بھی خیر خواہی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام اہم معاملات میں  پاکستان کے لئے ترکیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعطم آفس سے جاری بیان کے مطابق عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سلطنت عمان کے سلطان عزت مآب ھیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھوں نے سلطان ھیثم اور عمان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے موقف پر سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔

پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سلطنت عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ عزت مآب سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔

دونوں دورے باہمی طور پر سفارتی ذرائع سے مناسب تاریخوں پر ہوں گے۔

مقبول خبریں