جب مِیرا جینز کے بجائے اسکرٹ پہن کر آگئیں؛ جاوید شیخ نے سنایا دلچسپ قصہ

ہدایتکار جاوید شیخ ترکیہ میں اداکارہ مِیرا کے ساتھ اپنی فلم ’چیف صاحب‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے


ویب ڈیسک June 09, 2025
جاوید شیخ شوٹنگ کے دوران میرا کا ایک دلچسپ قصہ سنادیا

اپنی منفرد گفتگو اور انگریزی سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ مِیرا سے متعلق ان کے ساتھی فنکاروں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں دلچسپ واقعات سنائے۔

عید کی کھٹی میٹھی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ٹی وی شو میں پاکستانی فلم انڈسٹری کے نمایاں فنکاروں نے شرکت کی۔

ایک موقع پر جب فنکاروں نے ساتھی اداکارہ مِیرا سے متعلق شوٹنگ کے دوران ہونے والے دلچسپ واقعات اور تجربات شیئر کیے تو شو زعفران زار بن گیا۔

شو میں جاوید شیخ، سعود اور ریمبو شریک تھے لیکن اداکارہ مِیرا اُس وقت گفتگو کا محور بنیں جب میزبان نے سوال کیا کہ فلموں میں سب سے زیادہ ری ٹیکس کون سی اداکارہ لیتی تھیں جس پر تمام ہی اداکاروں نے بیک زبان مِیرا کا نام لیا۔

ریمبو اور سعود نے تو مِیرا سے متعلق جو دلچسپ قصے سنائے وہ اپنی جگہ لیکن سب سے دلچسپ قصہ اداکار اور ہدایتکار جاوید شیخ نے سنایا۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ ترکیہ میں فلم  ’چیف صاحب‘ کی شوٹنگ کر رہا تھا، مِیرا ایک امیر شخص کی بیٹی کا کردار ادا کر رہی تھیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایک سین کی شوٹنگ کے لیے مِیرا سے جینز اور شرٹ پہن کر آنے کا کہا تھا لیکن وہ سیٹ پر اسکرٹ اور شرٹ پہن کر آگئیں جس پر مجھے بہت غصہ آیا۔ میں نے یہ سین چھوڑ کر اپنے اسسٹنٹ سے دوسرے سین پر بات کرنے لگا۔

جاوید شیخ کے بقول یہ دیکھ کر مِیرا معاملہ بھانپ گئیں اور چند لمحوں بعد ہی میں نے اسے اسکرٹ کے بجائے جینز اور شرٹ میں دیکھا تو حیران رہ گیا کہ یہ کپڑے اتنی جلدی کہاں سے آئے۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ میرے اسسٹنٹ نے بھانڈا پھوڑا کہ مِیرا شوٹنگ کی جگہ پر پڑوسی کے گھر گئی اور وہاں ایک لڑکی سے اس کی جینز شرٹ لے کر پہنی اور شوٹنگ پر واپس آگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں