کراچی:
شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن چوبیس کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک دکان اور اس میں رکھے قیمتی موبائل فون اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔
آتشزدگی سے دو دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب سعیدآباد کے قریب واقع نجی بینک کے نزدیک موبائل مارکیٹ کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی شہر کے مختلف فائراسٹیشن سے 3 فائر ٹینڈر موقع پر روانہ کیے گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی: کیمیکل و تیل سمیت پرفیوم کے دو گوداموں میں لگنے آگ پر قابو پالیا گیا
فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت واٹر ٹینکر کو طلب کر کے آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور فائرفائٹرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پایا۔
ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں موبائل مارکیٹ کی ایک دکان اور اس میں موجود قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ دو دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا۔