غزہ سے مزید 2 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد؛ ایک ہفتے میں تعداد 5 ہوگئی

ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش کی شناخت یائر یعقوب کے نام سے ہوئی


ویب ڈیسک June 12, 2025

رواں ہفتے تیسری بار اسرائیلی فوج کو غزہ میں ملٹری آپریشن کے دوران حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اپنے باشندوں کی لاشیں مل گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ غزہ سے یائر یعقوب سمیت ایک اور مغوی کی لاش برآمد کرلی۔

تاہم دوسرے مغوی کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے اس آپریشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان بھی جاری نہیں کیا۔

نیتن یاہو کے بقول دوسرا مغوی بھی 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملے کے دوران نیر اوز (Nir Oz) نامی علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔

اس سے قبل امریکی نژاد اسرائیلی جوڑے کی لاش برآمد ہوئی تھیں جنھیں زخمی حالت میں یرغمال بنایا گیا تھا اور دو ماہ بعد ہی ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔

امریکی جوڑے کی لاشیں ملنے کے دو روز بعد ہی غزہ سے ہی اسرائیلی فوج کو تھائی شہری کی لاش ملی تھی جسے حماس نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں یرغمال بنایا تھا۔

اس طرح 7 روز میں 5 یرغمالیوں کی لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔ اس وقت بھی غزہ میں موجود 56 یرغمالیوں میں سے 33 کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 20 کے زندہ ہونے کی امید ہے۔

 

مقبول خبریں