بھارتی شہر احمد آباد میں تباہ ہونے والے ائیر انڈیا کے طیارے میں حادثے سے قبل سفر کرنے والے ایک مسافر نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 طیارے میں دہلی سے حیدرآباد پہنچا تھا۔
مسافر آکاش وٹسا نے انکشاف کیا کہ اُس نے حادثے ے شکار طیارے میں صرف 2 گھنٹے پہلے سفر کیا تھا اور کچھ غیرمعمولی چیزیں دیکھی تھیں۔
مسافر نے بتایا کہ میں نے بدانتظامی کی ویڈیو بھی بنائی۔ اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔ لائٹ بھی بند اور ٹی وی اسکرینیں ناکارہ تھیں۔
آکاش نے اپنی ویڈیو میں ایئر انڈیا کا نام لیکر پوچھا کہ کیا یہ وہ سہولیات جو آپ مسافروں کو دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔
انھوں نے اپنی ایک اور پوسٹ میں کہا کہ ناقص کارکردگی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اب وہ ایئر انڈیا سے دہلی واپس نہیں جائیں گے۔
یاد رہے کہ ایئر انڈیا کے بوئنگ طیارے 787 نے برطانیہ کے لیے اُڑان بھری اور ایک منٹ سے بھی کم وقت میں گر کر تباہ ہوگیا۔
طیارے میں موجود 241 مسافر ہلاک ہوگئے اور صرف ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ سکا۔ طیارے میں 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈی مسافر تھا۔