بھارتی شہر احمد آباد میں لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے تباہ ہونے کے بعد اب تک جائے وقوعہ سے کم از کم 270 لاشیں نکالی جا چکی ہیں.
بھارتی میڈیا کے مطابق زیادہ تر لاشیں بری طرح جلی ہوئی اور ناقابل شناخت ہیں۔ جن کا ڈی این اے کرایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز پیش آنے والا یہ حادثہ بھارت کا گزشتہ تین دہائیوں کا سب سے ہولناک فضائی حادثہ ہے۔ طیارے میں 242 مسافر تھے۔
ایئر انڈیا کا یہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ پرواز بھرنے کے ایک منٹ بعد ہی رہائشی علاقے میں میڈیکل طلبا کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
حادثے کے وقت طیارے میں سوا لاکھ لیٹر ایندھن موجود تھا جس کی وجہ سے گرتے ہی طیارے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
حادثے میں طیارے کے تمام مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت سمیت ہاسٹل میں موجود دو درجن طلبا زمین پر موجود شہری بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
مسافروں میں سے صرف ایک شخص 40 سالہ ویشواش کمار رمیش معجزانہ طور پر زندہ بچا جو اس وقت احمد آباد کے سول اسپتال میں زیرِعلاج ہے۔
اب تک 10 افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں جو میڈیکل ہاسٹل میں مقیم تھے اور حادثے کے وقت ڈائننگ روم میں کھانا کھا رہے تھے۔
یاد رہے کہ طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور 1 کینیڈین شہری سوار تھے۔
تاحال حادثے کی وجہ کا حتمی تعین نہیں ہوسکا تحقیقات کے دوران ایک عمارت کی چھت سے طیارے کا "بلیک باکس" بھی مل گیا۔