نوجوانوں میں کھیلوں کی رغبت صحت مند معاشرے کی ضامن ہے، جہانگیر خان

جہانگیر خان نے اپنے خیالات کا اظہار جہانگیر خان اسپورٹس کلب کے افتتاح کے موقع پر کیا


(فوٹو: فائل)

اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کی رغبت صحت مند معاشرے کی ضامن ہے۔ جہانگیر خان اسپورٹس کلب کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ اسکواش، پیڈل، اسنوکر اور سوئمنگ کی جدید ترین سہولیات اہلیان کراچی کے لیے کسی تحفہ سے ہر گز کم نہیں۔

کشمیرروڈ پر جہانگیر خان اسپورٹس کلب کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی جہانگیر خان نے کہا کہ کلب میں موجود کھیلوں کی سہولیات سے شہری بہتر انداز میں مستفید ہوں گے۔ نوجوان تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی جانب بھی تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلب میں بہترین اور معیاری کوچز کی زیر نگرانی نئے ٹیلنٹ کو اپنی عمدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ مرد اور خواتین شہری بھی بہترین پر امن ماحول میں مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں گے۔

مستحق ہونہار کھلاڑیوں کو بلا معاوضہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ جولائی میں جہانگیر خان اسپورٹس کلب انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

مقبول خبریں