خامنہ ای کو قتل کرنے سے جنگ ہمیشہ کیلیے ختم ہوجائے گی؛ نیتن یاہو کا اصرار

ایران ہمیں ایٹمی جنگ کے دہانے پر لے آیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم


ویب ڈیسک June 16, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسترد کیے جانے کے باوجود ڈھٹائی پر مُصر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے قتل کو تنازع کا حل بتایا ہے۔

اے بی سی نیوز کو انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کردینے سے جنگ میں شدت نہیں آئے گی بلکہ یہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوجائے گی۔ 

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نیتن یاہو نے اس امکان کو رد کرنے سے انکار کردیا کہ اسرائیل خامنہ ای کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

نتن یاہو نے کہا کہ ایران ہمیشہ کے لیے جنگ چاہتا ہے۔ وہ ہمیں ایٹمی جنگ کے دہانے پر لے آیا ہے۔ اسرائیل جو کر رہا ہے، وہ اس کی جارحیت کا خاتمہ ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کردیا، امریکی عہدیدار

اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم پچاس برسوں سے ایران کی جنگ دیکھ رہے ہیں۔ برائی کی قوتوں کا مقابلہ کر کے ہی امن حاصل کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کردیا تھا۔

جب نیتن یاہو سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کو ویٹو کرنے پر سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم وہ کر رہے ہیں جو ہمیں کرنا ہے۔ میں تفصیلات میں نہیں جاؤں گا۔

انھوں نے واضح کیا کہ اسرائیل ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کو پہلے ہی نشانہ بنا چکا ہے اور  ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے وہ سب کچھ کرے گا جو ضروری ہو۔

 

 

مقبول خبریں