مصطفیٰ عامر قتل؛ عبوری چالان میں ملزم ارمغان صحافی پر حملے میں قصوروار قرار

دوران تفتیش ملزم ارمغان اپنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے، عبوری چالان


کورٹ رپورٹر June 19, 2025

کراچی:

انسداد دہشتگردی منتظم عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے خلاف صحافی پر حملے کے مقدمے کا عبوری چالان جمع کروا دیا گیا۔

عبوری چالان میں پولیس نے ملزم ارمغان کو صحافی پر حملے میں قصوروار قرار دے دیا۔

بہادر آباد پولیس کے عبوری چالان کے مطابق 19 نومبر 2024 کو ملزم ارمغان اپنی ویگو گاڑی میں سوار تھا۔ ملزم ارمغان نے صحافی ندیم احمد خان کو روکا اور تلخ کلامی کی، ارمغان نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کر دیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔

دوران تفتیش ملزم ارمغان اپنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے۔ ملزم ارمغان نے اعتراف کیا کہ اس نے صحافی کو جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی تھی۔

مدعی مقدمہ نے ملزم ارمغان کو شناخت بھی کیا ہے۔ چالان میں پراسیکیوشن کے 8 سے زائد گواہان کو بھی شامل کیا گیا۔

عدالت نے عبوری چالان منظور کرلیا۔ منتظم عدالت نے مقدمہ سماعت کے لیے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 15 کو منتقل کر دیا۔

مقبول خبریں