آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔
اوگرا ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجودہ طلب کو پورا کرنے کیلیے پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
اوگرا نے احتیاطاً آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 20 دن کے لازمی ذخائر برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخائر سے متعلق تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے لائسنس کی شرائط پر عمل کریں۔
ترجمان اوگرا نے کہا کہ قومی توانائی تحفظ کے لیے اوگرا کا مؤثر نگرانی کا عمل جاری ہے، مستقبل کی ضروریات اور مارکیٹ صورتحال کے پیشِ نظر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا کہ اوگرا قومی توانائی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔