ایران میں مذہب تبدیل کرکے موساد کیلئے جاسوسی کرنے والی خاتون ایجنٹ کہاں ہے؟

اسرائیل میں موساد کی خاتون جاسوس کو بہادر ترین جاسوس قرار دیا جارہا ہے کیونکہ ایران کو بڑا نقصان پہنچایا ہے


ویب ڈیسک June 22, 2025
فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

TEHRAN:

عالمی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل سے ایران میں داخل ہونے کے بعد مذہب تبدیل کرکے موساد کے لیے جاسوسی کے ذریعے کشیدگی پھیلانے والی خاتون تہران میں اعلیٰ حکام تک رسائی کرنے اور کارروائیوں کے بعد کامیابی سے فرار بھی ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کی خاتون جاسوس دو سال قبل خفیہ طریقے سے ایران میں داخل ہوئیں اور اس کے بعد مذہب تبدیل کرکے مسلمان ہوگئیں اور آہستہ آہستہ ایران کے اعلیٰ عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کی قربت حاصل کی۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ موساد کی خاتون جاسوس کا نام کیتھرین پیریز شیکدام ہے اور بنیادی طور پر ان کا تعلق فرانس سے ہے اور اعلیٰ تربیت یافتہ جاسوس ہیں۔

موساد کی جاسوس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ذہین، خوب رو اور بے باک شخصیت کی مالک ہیں جس کے باعث وہ ایک کامیاب جاسوس ہیں، ان کی چالاک منصوبہ بندی سے ایران کی انتہائی سخت سیکیورٹی ادارے بھی دھوکا کھا گئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ کیتھرین نے پہلے دعویٰ کیا کہ وہ اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتی ہیں، وہ شیعہ مسلمان ہوگئی ہیں لہٰذا ملاقات شروع کیں اور ایرانی حکومتی عہدیداروں کی بیگمات سے بات چیت کرتی رہیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایرانی عہدیداروں اور ان کی بیگمات کا اعتماد حاصل کیا اور ان کے گھروں میں مستقل آتی جاتی رہیں جہاں مہمان کے طور پر ان کا احترام کیا جاتا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں ان پر اعتماد کیا جاتا تھا یہاں تک کہ وہ گھروں اور مختلف علاقوں میں نجی مقامات میں بھی داخل ہوجاتی تھیں جہاں عام طور پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جاتے تھے اور ایرانی خفیہ ایجنسیاں بڑی احتیاط سے فونز اور مہمانوں کی تلاشی لیتی تھیں لیکن کیتھرین خاموشی سے تصاویر کھینچتیں اور خفیہ معلومات جمع کرکے وہ تمام معلومات موساد کو ارسال کردیتی تھیں۔

موساد کی خاتون جاسوس کی خفیہ سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا کہ وہ اسلام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بہانے اعلیٰ حکام کو چقمہ دیتی تھیں اور یہاں تک کہ اسلام قبول کرنے کا بھی یقین دلایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جیسے ہی اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع میں اضافہ ہوا تو ایران کے کئی اعلیٰ عہدیداروں نے اپنی رہائش تبدیل کردی تھیں کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ وہ محفوظ نہیں ہیں لیکن جب بھی حملہ ہوتا وہ نشانے پر ہوتے اور ایسا لگتا تھا کہ کوئی اسرائیل کو اس مقام کا تفصیلی نقشہ بھیج رہا ہو۔

ایران کی خفیہ سروس نے تفتیش شروع کی تو آہستہ سچائی سامنے آئی اور عہدیداروں کے ساتھ بنائی گئیں تصاویر کی وجہ سے کیتھرین کی شناخت کر لی گئی لیکن اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور وہ فرار ہوچکی تھیں۔

موساد کی خاتون جاسوس اب کہاں ہے؟

عالمی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ کوئی نہیں جانتا کہ اس وقت وہ کہاں ہیں کیونکہ کیتھرین منظرعام سے اچانک بالکل غائب ہوگئی ہیں، ایران کی خفیہ ایجنسی نے ملک بھر میں ان کے پوسٹرز اور تصاویر پھیلا دیے ہیں لیکن ان کا کوئی نشان یا کوئی آواز نہیں ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق متعدد افراد کا خیال ہے کہ انہوں نے اپنی شناخت تبدیل کردی ہے اور اب کسی اور ملک میں مقیم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دوسری جانب اسرائیل میں کیتھرین پیریز شیکڈام کو ان کی تاریخ کی سب سے بہادر جاسوس قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے مشن کی وجہ سے ایران کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور دنیا بھی حیران ہے۔