برطانیہ کی شہزادی آف ویلز کیتھرین نے کینسر کے علاج کے بعد درپیش "انتہائی مشکل" وقت کے بارے میں پہلی بار عوامی سطح پر کھل کر بات کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادی کیتھرین رائل ایسکاٹ میں کافی عرصے سے غیر متوقع غیر حاضری کے بعد پہلی عوامی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔
اس موقع پر انھوں نے کینسر کے مریضوں اور طبی عملے سے ملاقات کی اور ایک خوبصورت گلاب کا پودا بھی لگایا جسے "کیتھرینز روز" کا نام دیا گیا تھا۔
کینسر کے مریضوں سے بات کرتے ہوئے شہزادی کیتھرین نے کہا کہ مجھے معلوم ہے آپ پر کیا بیت رہی ہے۔ میں انہی لمحات سے گزری ہوں۔
شہزادی نے بتایا کہ علاج کے دوران مضبوط بننے کی کوشش کرتے ہیں اور سب کے سامنے بہادر نظر آتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا جب علاج مکمل ہوا تو انسان سوچتا ہے کہ اب سب ٹھیک ہو جائے گا، لیکن حقیقت میں وہ مرحلہ سب سے مشکل ہوتا ہے۔
شہزادی کیتھرین نے مزید کہا کہ آپ اب کلینیکل ٹیم کے زیرِ نگرانی نہیں ہوتے لیکن گھر میں بھی اپنی معمول کی زندگی نہیں گزار پاتے جیسے پہلے گزار رہے تھے۔
شہزادی نے کہا کہ مجھے وہ ایک ایک پل اب بھی یاد ہے جو میں نے تکلیف میں گزارے اور اپنے اہل خانہ کی مدد سے اس سے نکنے میں کامیاب ہوئی۔