کراچی:
شہر قائد میں ٹرک اور ٹینکرز کی ٹکر یا کچلے جانے سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، تازہ واقعے میں ایک اور کمسن بچہ ٹرک کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گیا جب کہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
رزاق آبادعبداللہ گوٹھ کے علاقے میں گاربیج ٹرک کی زد میں آکر 3سالہ کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔
جمعرات کی صبح شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کےعلاقےرزاق آبادعبداللہ گوٹھ میں گاربیج ٹرک کی زد میں آکر 3سالہ کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کی گئی۔
اسپتال میں کمسن بچے کی شناخت 3 سالہ عادل شاہ ولد عابد علی شاہ کے نام سے کی گئی ۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن صدرالدین میرانی کے مطابق کمسن بچہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ ریورس کرتے ہوئے گاربیج ٹرک کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
حادثے کے بعد گاربیج ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی اور ٹرک کو قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔