کراچی:
بلوچستان کے علاقے قلات میں مسافر بس پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں کراچی کے معروف ماجد علی صابری قوال گروپ کے 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں احمد علی صابری، نوجوان رضا علی صابری، اور ساون سمیت دیگر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی بی کالونی میں مقیم قوالوں کا 14 رکنی گروپ جو ماجد علی صابری گروپ کے نام سے جانا جاتا ہے، کوئٹہ میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے حاجی امتیاز لہڑی کی دعوت پر بدھ کی صبح ساڑھے سات بجے کراچی سے روانہ ہوا تھا۔
قلات کے قریب سفر کے دوران جب منزل صرف پونے گھنٹے کی مسافت پر رہ گئی تھی تو نامعلوم افراد نے ان کی مسافر بس پر فائرنگ کر دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں گروپ کے رکن ندیم علی عرف بنییا بھائی نے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ قوالوں کا قافلہ ساؤنڈ سسٹم اور دیگر آلات کے ہمراہ روانہ ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تو قوالی اور نعت شریف پڑھنے والے لوگ ہیں، پتہ ہوتا کہ ایسا کچھ ہو جائے گا تو گھر سے ہی نہ نکلتے۔
ادھر امجد صابری کے چھوٹے بھائی طلحہٰ صابری نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے قوالوں کا امجد صابری خاندان سے تعلق نہیں ہے۔
تاہم وہ قوال برادری کا حصہ ضرور ہیں، انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
واقعے کے بعد پی آئی بی کالونی میں سوگ کا عالم ہے، ماجد علی صابری کے گھر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
ماجد علی صابری نے بتایا کہ انہیں بھی اسی پروگرام میں شرکت کے لیے بائی ایئر روانہ ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں آج کراچی پہنچیں گی اور نماز جنازہ بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں قوالوں کے کئی گروپس مختلف علاقوں میں مقیم ہیں جن میں گارڈن شو مارکیٹ، نیازی اسٹریٹ، پی آئی بی کالونی اور لیاقت آباد شامل ہیں۔