پاکستان ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ میں جاری چیمپئن شپ کے کلاسی فکیشن راؤنڈ میں پاکستان نے ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر لگاتار پانچویں فتح حاصل کی۔
میچ میں پاکستان نے ایران کے خلاف پہلا سیٹ 23-25 سے جیتنے کے بعد دوسرے سیٹ میں 19-25 سے کامیابی پاکر 0-2 سے سبقت حاصل کی لیکن ایران نے تیسرا سیٹ 22-25 سے جیت کرمقابلہ کو دلچسپ بنادیا۔
پاکستان نے سخت جدوجہد کے بعد چوتھا سیٹ 29-31 سےاپنے نام کیا۔
واضح رہے پاکستان نے انڈونیشیا کو 0-3 سے شکست دے کر پہلے ہی فائنل فور میں جگہ پکی کر لی تھی۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہفتہ کو ہوگا۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے 3 بجے ہوگا۔
چیمپئن شپ کا دوسرا سیمی فائنل جاپان اور ایران کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان انڈر16 ٹیم چیمپئن شپ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔پاکستان گروپ ڈی میں کوریا، سعودی عرب اور بعد چائینیز تائپے کو قابو کرکے گروپ چیمپئن بنا تھا جبکہ پاکستان نے انڈونیشیا کو مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔