ریلوے سگنل وائر چوری کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، قیمتی سگنل وائر برآمد

ملزم ریلوے اسٹیشن چیچو کی ملیاں سے ریلوے کی بیش قیمتی 250 میٹر الیکٹرک تار کاٹ کر چوری کرکے فرار ہوگیا تھا 


طالب فریدی July 19, 2025

ریلویز پولیس لاہور ڈویژن نے رات کی تاریکی میں چیچو کی ملیاں سے ریلوے کی 500 میٹر سگنل وائر کاٹ کر چوری کرکے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم نعیم 3 روز قبل ریلوے اسٹیشن چیچو کی ملیاں سے ریلوے کی بیش قیمتی 250 میٹر الیکٹرک تار کاٹ کر چوری کرکے فرار ہوگیا تھا جس کے خلاف ایس ایچ او ریلویز پولیس جڑانوالہ محمد شہزاد نے مقدمہ درج کرکے ٹیم کے ہمراہ تفتیش عمل میں لاتے ہوئے 2 روز میں گرفتار کرلیا۔

ملزم نعیم کے علاوہ چوری کا سامان خریدنے والے نصیر اور کباڈیہ امجد کو بھی گرفتار کرکے ریلوے کی چوری کی گئی 250 میٹر سگنل وائر سمیت سابقہ چوری شدہ 250 میٹر وائر بھی برآمد کرلی گئی۔

ملزمان کی کامیاب گرفتاری اور ریلوے سگنل وائر برآمد کرنے پر ڈی آئی جی نارتھ نے پوری ٹیم کو شاباش دی۔

واضح رہے کہ آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز ) کے احکامات کی روشنی میں ریلویز پولیس نے زیرو تھیفٹ پالیسی کے تحت ریلوے مٹیریل خصوصی طور پر سگنل آلات کی چوری کے خلاف کارروائیوں کا عمل تیز کردیا ہے۔

مقبول خبریں